گورنر سندھ عمران اسماعیل کی یقین دہانی کے باوجود کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری نہیں کیا۔
عمران اسماعیل نے گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام میں’نیا پاکستان‘ میں یقین دہانی کرائی تھی لیکن گورنر سندھ کی بات 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بے اثر رہی۔
انہوں نے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ سے متعلق شیڈول اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کرے گا۔
تاہم 24 گھنٹے سے زائد دورانیہ گزرنے کے باوجود تاحال کے الیکٹرک نے اپنی ویب سائٹ پر اس نوعیت کا کوئی شیڈول پوسٹ نہیں کیا ہے۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو اوور بلنگ کے پیسے واپس کرنے پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ ثابت ہونے پر ’کےالیکٹرک‘ کو صارفین کے پیسے واپس کرنے پڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل ہی میں بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ سے متعلق نیپرا کو خط لکھوں گا۔
اس پروگرام کےدوران عمران اسماعیل نے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کو پروپیگنڈا مشین قرار دیا تھا۔