کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ رجسٹری نے فضائیہ ہاوسنگ اسکیم کے متاثرین کو واجبات کی ادائیگی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا ۔ عدالت نے نیب اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے فضائیہ ہائوسنگ اسکیم میں عوام سے دھوکہ دہی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ایسے منصوبوں سے ہمارے اہم ادارے کا نام بھی خراب کیا جارہا ہے، فضائیہ کسی پرایئویٹ ادارے کے ساتھ کیسے جوائنٹ وینچر کرسکتا ہے ؟ منصوبے کیلئے زمین کیسے الاٹ کردی گئی ؟ یہ صرف الاٹمنٹ کا نہیں عوام سے فراڈ کا معاملہ ہے ۔ وکیل اوور سیز متاثرین کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ متاثرین کو منافع کے ساتھ رقم واپس کی جائے۔