• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے نہیں لگتا حکومت اگلے چار پانچ ماہ نکال سکے گی، پرویز رشید

رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا حکومت اگلے چار پانچ ماہ نکال سکے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا رہنا اب مشکل ہے، ملک میں تبدیلی کا آغاز ہوچکا ہے، یہ تبدیلی ہے کہ لوگوں کا غصہ اب اُبل رہا ہے۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ حکومت سے چھٹکارا حاصل ہو، حکومتیں جب کمزور ہوجاتی ہیں تو وہ پولیس اور ملازمین سے لاقانونیت کرواتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز پر نیب میں پیش ہونے سے پہلے قاتلانہ حملہ کیا گیا جبکہ ایک وزیراعظم کی بیٹی کی لیاقت باغ کے باہر زندگی چھین لی گئی، دوسرے وزیراعظم کی بیٹی سے بھی اس طرح کا منظر لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

پرویز رشید نے کہا کہ مریم نواز کی گاڑی پر پہلے شیلنگ اور پھر پتھروں کی بارش کی گئی، اللہ تعالیٰ نے مریم نواز کی حفاظت فرمائی۔

پرویز رشید نے مریم نواز اور شہبازشریف کے الگ الگ دھڑوں کا تاثر مسترد کردیا اور کہا کہ میں مسلم لیگ ن میں دھڑوں کی باتیں 1993سے سن رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن میں دھڑے بندی لوگوں کی خواہش رہی ہے لیکن اس پر عمل کبھی نہیں ہوا۔ 

تازہ ترین