ملک بھر میں نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور اُن کے جانثار ساتھیوں کی عظیم لازوال قربانی کی یاد میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
ملک بھر کے چھوٹے بڑے مختلف شہروں میں یومِ عاشور کے موقع پر تعزیے اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس خصوصی سیکیورٹی انتظامات میں برآمد ہوئے ہیں جو اپنے مقرر کردہ راستوں پر گامزن ہیں۔
جلوسوں میں شہدائے کربلا ؓ کی یاد میں نوحے اور مرثیے پڑھے جا رہے ہیں، ان جلوسوں کے اختتام پر ملک بھر میں رات میں شامِ غریباں بپا کی جائیں گی۔
موبائل سروس معطل
یوم عاشور کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں کے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
کراچی میں مرکزی جلوس کے روٹ اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہونا شروع ہوگئی۔
لاہور میں مرکزی جلوس کے اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہے، گوجرانوالہ میں ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بند ہے۔
سرگودھا اور رحیم یار خان میں موبائل فون سروس رات 10 بجے تک بند رہے گی، فیصل آباد بھر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔
ملتان میں موبائل فون سروس صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک کے لیے بند ہے، کوئٹہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس رات 12 بجے تک معطل رہے گی۔
پشاور میں بھی جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
سخت سیکیورٹی انتظامات
سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جلوس کی گزر گاہوں اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان جلوسوں کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں اور کنٹرول روم کے ذریعے گزرگاہوں کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
جلوسوں کے اطراف کی عمارتوں پر اسنائپرز اور شارپ شوٹرز تعینات کیے گئے ہیں جو دوربینوں کے ذریعے جلوسوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
کوئٹہ میں جلوس کیلئے 10 ہزار اہلکار تعینات ہیں: ایڈیشنل آئی جی
ڈرون طیاروں کے علاوہ کئی شہروں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی فضا سے جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
پنجاب کے کئی شہروں میں عاشورہ کے مرکزی جلوس فجر کے بعد برآمد ہوئے جو روایتی راستوں سے گزر رہے ہیں، جلوسوں کی گزر گاہوں میں نذر و نیاز کے لیے دودھ اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔
بلوچستان، خیبر پختون خوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی عاشورہ کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں، چھوٹے بڑے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہو رہے ہیں۔
ذاکرین اور علمائے کرام واقعۂ کربلا پر روشنی ڈال رہے ہیں اور حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور دیگر شہدائے کربلاؓ کی عظیم قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں۔
کراچی میں یومِ عاشور کا جلوس برآمد
کراچی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو گیا ہے، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مجلس پڑھائی۔
عزا دار سخت سیکیورٹی انتظامات میں جلوس میں شرکت کرنے کے لیے نمائش چورنگی پر پہنچے ہیں۔
کراچی میں یومِ عاشور کے جلوس کی گزرگاہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات ہے۔
شہرِ قائد میں جلوس کے راستوں پر جدید آلات اور کتوں کے مدد سے سرچنگ کی گئی ہے۔
لاہور میں جلوسِ عاشورہ اپنے راستے پر گامزن
لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوکر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔
رنگ محل چوک میں سنہری مسجد کے باہر نمازِ ظہرین ادا کی جائے گی، جلوس بھاٹی گیٹ چوک سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔
لاہور میں دوسرا بڑا جلوس ماڈل ٹاؤن سے برآمد ہوگا، مرکزی جلوس کے روٹ اور ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔
راول پنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
راول پنڈی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلے سے برآمد ہو گیا، مرکزی جلوس میں امام بارگاہ کرنل مقبول حسین اور دربار شاہ چن چراغ سمیت 3 مزید جلوس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
کراچی: مرکزی جلوسِ یومِ عاشور کیلئے 6368 پولیس اہلکار تعینات
جلوس کمیٹی چوک، اقبال روڈ، ٹرنک بازار، فوارہ چوک سے ہوتا ہوا امام بارگاہِ قدیم پر اختتام پذیر ہو گا۔
راول پنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی پر 3600 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ جلوس کے دوران موبائل فون سروس بند رہے گی۔
پشاور میں جلوسِ عاشورہ
پشاور میں آج یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر میں شبہیہ ذوالجناح کے 12 جلوس برآمد ہوئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پشاور کے مختلف علاقوں سے بھی شبِ عاشور کے جلوس برآمد ہو کر اذانِ فجر کے ساتھ اختتام پذیر ہوچکے ہیں۔
پشاور میں شبیہ ذوالجناح کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی چڑوی کوبان سے برآمد ہوا۔
شہر کے مختلف علاقوں سے یومِ عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے نمازِ مغرب سے پہلے اپنی اپنی امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوں گے۔
جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ امام بارگاہوں اور جلوس کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
جلوسوں کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وے کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہے گی، جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
کوئٹہ میں جلوس برآمد
کوئٹہ میں عاشورۂ محرم کا جلوس برآمد ہو گیا ہے، اس حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
عاشورۂ محرم کا 3 دستوں پر مشتمل جلوس کوئٹہ میں علم دار روڈ پر رحمت اللّٰہ چوک سے برآمد ہوا، جس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا، رکنِ بلوچستان اسمبلی قادر علی نائل اوردیگر رہنماء کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ، ڈپٹی کمشنر اورنگزیب بادینی اور دیگر متعلقہ حکام بھِی موجود ہیں۔
عاشورہ محرم کے جلوس کی سیکیورٹی کے حوالے سے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ جلوس کی طرف جانے والے تمام راستے بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
آج یوم عاشور، سخت سیکورٹی، مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بند
اس موقع پر شہر میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔
میڈیا سے بات چیت میں ایڈیشنل آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے جلوس کے لیے پولیس، لیویز اور ایف سی کے 10 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
جلوس کے راستوں کی سرچنگ اور سوئپنگ کر دی گئی ہے اور اس کے روٹ پر عمارتوں پر اسنائیپرز اور سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
کوئٹہ میں پاک فوج کی 3 بٹالین بھی اسٹینڈ بائی ہیں، جبکہ 2 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے اور اس کی نگرانی کے لیے کنٹرول رومز قائم کیئے گئے ہیں۔
عاشورہ کا جلوس مغرب سے پہلے اختتام پذیر ہو جائے گا، تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس رات 12 بجے تک بند رہے گی۔
دیگر شہروں میں جلوسِ عاشورہ
حیدر آباد، سکھر، سیہون، میر پور خاص، گھوٹکی، ڈیرہ مراد جمالی، سانگھڑ، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، شیخو پورہ، میاں چنوں، جہانیاں، چمبڑ، بھکر، جہلم، منڈی بہاء الدین، خانیوال، مظفر گڑھ، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں میں عاشورہ کے ماتمی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں جو شام میں مغرب کے وقت اختتام پذیر ہوں گے۔
جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، لنگر تقسیم کیا جا رہا ہے اور سبیلیں لگائی گئی ہیں۔
دوسری طرف لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا بھی رخ کر رہے ہیں۔
حیدر آباد میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا، جلوس روایتی راستوں اسٹیشن روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا دادن شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
میر پور خاص میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس 10بجے دن مرکزی امام بارگاہ بیت الحزن سے برآمد ہوا، شہر میں صبح 10 تا رات 8 بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
سانگھڑ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ حیدری سے برآمد ہوا ہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔
سکھر میں یومِ عاشور پر علم و ذوالجناح کے چھوٹے بڑے 40 سے زائد جلوس نکالے جا رہے ہیں، اس موقع پر موبائل فون سروس بند کر کے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیہون میں مرکزی جلوس لعل داس کے مقام سے سخت سیکیورٹی انتظامات میں برآمد ہوا ہے۔
گھوٹکی میں اوباڑو سے 10 محرم کا مرکزی جلوس بر آمد ہو گیا ہے، جلوس کے راستوں میں نیاز و لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
یومِ عاشور پر مکمل سیکیورٹی، راولپنڈی پولیس کے ہزاروں اہلکار تعینات
ڈیرہ مراد جمالی میں یومِ عاشورہ کا ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ امام جعفر صادق سے برآمد ہوا، ماتمی جلوس مغرب میں مرکزی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
ملتان میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ حرا حیدری سے برآمد ہوا ہے۔
فیصل آباد میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوا ہے۔
شیخو پورہ میں شبیہِ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ شانِ حسینؓ سے برآمد ہوا، جبکہ 10 محرم کا ایک اور مرکزی جلوس امام بارگاہِ قصر ابو طالب سے برآمد ہوا۔
شہر میں یومِ عاشورکی نسبت سے 68 مجالس منعقد کی جا رہی اور جلوس نکالے جا رہے ہیں، جبکہ شبیہ ذوالجناح، تعزیے اور علم کے 56 جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔
جہانیاں میں یومِ عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ حسینیہ سے برآمد ہوا ہے۔
راجن پور، جام پور اور محمد پور میں بھی یومِ عاشور کے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، اس موقع پر ان علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے۔
چمبڑ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ انجمن حیدری سے برآمد ہوا ہے۔
بھکر میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ مرید مہدی سے برآمد ہوا ہے، اس موقع پر موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے، جبکہ جلوس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی کی جا رہی ہے۔
جہلم میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس شاہ بھور سے سخت سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ برآمد ہوا ہے۔
منڈی بہاء الدین میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ حسینیہ سے برآمد ہوا ہے۔
خانیوال میں عاشورہ کا جلوس مرکزی امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہو چکا ہے، اس موقع پر شہر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں سخت سیکیورٹی میں یومِ عاشور کے 2 مرکزی جلوس برآمد ہو کر امام بارگاہ کوٹلی امام کی طرف رواں دواں ہیں۔
مظفر گڑھ میں عاشورہ محرم کا علم کا جلوس تلیری بائی پاس سے برآمد ہو گیا، ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے سلسلے میں سخت سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔