• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان بولرز میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ موجود ہے، وقار یونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ نوجوان بولرز میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ موجود ہے، ہمیں اُن پر اعتماد ہے، اگر ان بولرز نے سخت محنت جاری رکھی تو وہ پاکستان کا مستقبل بن سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ویب سائٹ پر لکھے گئے کالم میں ماضی کے فاسٹ بولر اور ٹیم کے موجودہ بولنگ کوچ نے کہا کہ دورہ انگلینڈ پر پاکستان اور میزبان ملک کے بولرز کو سیریز میں تھوک پر پابندی کا مسئلہ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں ڈیوک بال کا استعمال ہوتا ہے جو زیادہ عرصے کے لیے مشکل ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی کو ایک برانڈ کی گیند استعمال کرنے کا فیصلہ کرنا چاہیے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ برانڈ کونسا ہو۔

وقار یونس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان بولرز کو صرف اسکلز پر ہی نہیں فٹنس پر کام کرنے کی بھی ضرورت ہے، بہتری کے باوجود ہم فٹنس میں دنیا سے پیچھے ہیں۔

بولنگ کوچ نے ٹیسٹ کرکٹ میں فاسٹ بولرز کو سپر فٹ ہونے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لمبے اسپیلز کے لیے سپر فٹنس درکار ہے، فاسٹ بولنگ سخت محنت طلب کام ہے جو راتوں رات نہیں سیکھا جا سکتا۔

وقار یونس نے کہا کہ ہمیں ان نوجوان بولرز کے ساتھ صبر سے کام کرنا ہوگا، بولرز میں اچھا کرنے کی خواہش ہے، اگر یہ سخت محنت جاری رکھیں گے تو پاکستان کا مستقبل بن سکتےہیں۔

تازہ ترین