• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈونا کا اپنی زندگی کا سفر فلمی اسکرین پر پیش کرنے کا اعلان

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ گلوکارہ میڈونا نے اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے اور اسے خود ہی ڈائریکٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈونا نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی زندگی ایک حیرت انگیز سفر ہے۔ اس سفر کی چار دہائیاں چکا چوند سے بھرپور ہیں، جو دلچسپی سے خالی نہیں ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ اس سفر سے لوگوں کو بھی آگاہ کریں۔میڈونا، گلوکارہ، موسیقارہ اور اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر بھی ہیں۔اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی زندگی کسی تفریحی پارک میں نصب اور ہوا میں بل کھاتی پٹریوں پر ہچکولے لیتی ٹرین یا رولر کوسٹر کی طرح ہے۔ فلم کے ذریعے ان کے مداح ایسی کئی باتوں اور رازوں سے پردہ اٹھتے دیکھیں گے جو ابھی تک کسی کو معلوم نہیں۔گلوکارہ کے مطابق ان رازوں سے آگاہی اور متاثر کن واقعات کو بیان کرنے والا بھلا ان سے بہتر اور کون ہو سکتا ہے؟ اسی لیے وہ خود اس سفر کو فلمی اسکرین پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔میڈونا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنی ʼبائیو پک کے ذریعے اس نا قابلِ یقین سفر کے بارے میں بتانا چاہتی ہیں جو انہوں نے بطور ایک فنکارہ، موسیقارہ، رقاصہ اور سب سے بڑھ کر ایک انسان کی حیثیت سے طے کیا۔انہوں نے کہا کہ فلم کی سب سے خاص بات اس کی موسیقی ہو گی۔وہ کہتی ہیں کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں، موسیقی کی بدولت ہوں، میرا فن اسی کے سہارے زندہ ہے۔یاد رہے کہ میڈونا کا شمار ان فلمی شخصیات میں ہوتا ہے جن کی زندگی کے کئی پہلو مخفی رہے ہیں۔ انہوں نے 62 سالہ زندگی میں مذہبی معاملات کی کبھی پروا نہیں کی۔ معاشرتی پابندیوں کو وہ کبھی خاطر میں نہیں لائیں۔ اور نہ ہی انہوں نے کبھی روایات کی پاسداری کی۔میڈونا کے گانوں کی کامیاب المبز میں ʼلائیک اے پریئر، ʼمیٹریل گرل اور ʼلائیک اے ورجن شامل ہیں۔میڈونا کا شمار متاثر کرنے والی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کی 30 کروڑ 35 لاکھ البمز فروخت ہو چکی ہیں۔میڈونا کی پہلی فلم ʼڈیسپرٹلی سیکنگ سوسن، 1985 میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ فلم ʼایویٹا کے لیے 1996 میں انہیں بہترین اداکارہ کا ʼگولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا تھا۔

تازہ ترین