• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میوزک انڈسڑی کی بحالی کیلئے کونسے اقدامات کیے جارہے ہیں؟ بلال مقصود کا عمران خان سے سوال

بلال مقصود کا عمران خان سے سوال


اسٹرنگز بینڈ کے رکن اور نامور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا ہے کہ اُنہوں نے پاکستان فلم انڈسڑی کی بحالی کے لیے تو اقدامات شروع کردیے ہیں لیکن میوز ک انڈسٹری کے لیے کونسے اقدامات کیے گئے ہیں؟ 

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بلال مقصود نے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے اخبار میں ایک خبر پڑھی جس میں بتایا گیا تھا کہ حکومت نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔‘


بلال مقصود نے کہا کہ ’خبر دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی کیونکہ یہ ہماری فلم انڈسڑی کی بحالی کے لیے بہترین اقدام ہے لیکن یہاں میرا ایک سوال ہے اور وہ یہ ہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیے کونسے اقدامات کیے جارہے ہیں؟‘

گلوکار نے کہا کہ ’ہمیں بتائیں کہ اس ملک میں گلوکاروں کی کیا اہمیت ہے کیونکہ ہماری عوام کا جو نظریہ ہے اُس کے مطابق موسیقی کی دُنیا سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو بُرا سمجھاجاتا ہے اور اُن کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر ہماری حکومت کو لگتا ہے کہ گلوکاروں کے بارے میں عوام کا نظریہ اور سوچ بالکل درست ہے تو ہمیں بتائیں۔‘

بلال مقصود نے کہا کہ ’اگر میں وزیراعظم عمران خان کی بات کروں تو مجھے نہیں لگتا اُن کی سوچ بھی عوام جیسی ہوگی کیونکہ عمران خان کی دوستی بڑے بڑے نامور موسیقاروں سے ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ہمارے متعلق ایک مثبت سوچ رکھتے ہوں گے۔‘

گلوکار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان صاحب ایسے پلیٹ فارمز بنائیں جہاں عوام کی اس غلط سوچ کو تبدیل کیا جائے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اگر میوزک انڈسٹری کی ترقی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے تو وہ دن دور نہیں کہ جب اس ملک سے میوزک کا خاتمہ ہوجائے گا۔‘

بلال مقصود نے کہا کہ ’ایک گلوکار کے لیے سب سے اہم اُس کی عزت ہے اور حکومت کو چاہیے کہ فنکاروں کو عزت دیں اور لوگوں کا نظریہ تبدیل کریں۔‘

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ  ’ملک میں مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے میوزک انڈسٹر ی کے لیے اقدامات کیے جائیں کیونکہ یہ بہت ضروری ہے۔‘

انسٹاگرام پر اپنا ویڈیو پیغام پوسٹ کرتے ہوئے بلال مقصود نے لکھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اِس اہم مسئلے پر لازمی توجہ دی جانی چاہیے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ دِنوں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملکی تشخص، تہذیب اور ثقافت کواُجاگر کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا تھا جس میں حکومت نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بھی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔

بجٹ میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے چار نکاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا۔  ڈراما، فلم سازی اور سنیما کے آلات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کم کرکے 3 فیصد اور سیلز ٹیکس کم کر کے 5 فیصد کردیا گیا۔

تازہ ترین