• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی جی ڈی پی 0.4 فیصد رہ گئی، مفتاح اسماعیل


مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کہتے ہیں کہ پاکستان کی جی ڈی پی اب 0 اعشاریہ 4 فیصد رہ گئی ہے۔

رہنما مسلم لیگ نون مفتاح اسماعیل نے یہ بات سٹی کورٹ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ نون نے حکومت چھوڑی تو جی ڈی پی 5.5 فیصد سے اوپر تھی، جو اب 0 اعشاریہ 4 فیصد رہ گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قومی گروتھ کم ہو گئی ہے، 26 بلین ڈالرز سے جی ڈی پی اب کم ہو گئی ہے، حکومت نے ٹیکس کلیکشن بڑھانے کے بجائے کم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال میں 11 ہزار ارب قرضہ لیا ہے، 72 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لیا گیا ہے، موجودہ حکومت نے پوری قوم کو مقروض کر دیا ہے۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اسکول، کالج، یونیورسٹی کے فنڈز کم کر دیئے، مشینری اور انڈسٹریل سیکٹر کا فنڈ بھی کم کر دیا گیا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ملک میں 49 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں، حکومت نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں گیس کی کمی ہو جائے گی۔

مفتاح اسماعیل کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کا کام گیس کم کرنا نہیں بلکہ گیس کی پیداوار بڑھانا ہے، لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کیا جائے۔

تازہ ترین