• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس: پاکستان 19 ویں نمبر پر آگیا


پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 19 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 566 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 7 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 593 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 581 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 451 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 7 ہزار 797 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 576 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 95 ہزار 333 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 35 ہزار 488 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 481 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 98 ہزار 941 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 229 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 588 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 259 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 367 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 181 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


کورونا وائرس کے بلوچستان میں 14 ہزار 932 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 635 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 85 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 2 ہزار 630 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 71 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 167 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 33 لاکھ 84 ہزار 186 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین