• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوری آباد وین حادثے میں ہلاکتیں 15 ہو گئیں


کراچی میں حیدرآباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب پیش آنے والے وین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی ہیں۔

تمام افراد جھلس کرجاں بحق ہوئے، جن کی لاشیں ناقابلِ شناخت ہو چکی ہیں اور ڈی این اے رپورٹس کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

زخمی وین ڈرائیور نے بتایا کہ گزشتہ شب کراچی حیدر آباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب آگے جانے والی گاڑی کا بونٹ اُڑ کر وین کی وِنڈ اسکرین پر آ گرا، جس کے بعد وین بے قابو ہو کر اُلٹ گئی۔

حادثے کے بعد مسافر وین میں آگ لگ گئی تھی، حادثے میں ایک سال کی بچی معجزانہ طور پر بچ گئی۔

المناک حادثے کے بعد موٹر وے پولیس اور ایدھی رضا کاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو وین سے نکالا۔


ایس ایس پی جامشورو نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی مسافر وین تھی جو حیدر آباد سے 14 مسافروں کو لے کر نکلی تھی اور راستے میں مزید افراد کو سوار کیا۔

حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں سے 6 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، بدقسمت خاندان حیدر آباد لطیف آباد سے کراچی اپنے عزیز و اقارب سے ملنے آ رہا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ ٹرانسپورٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر حیدر آباد سے حادثے کی تفصیلات طلب کر لیں اور زخمیوں کے ہر ممکن علاج کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین