• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’14 اگست کمیٹی‘‘ کے زیراہتمام اوسلو میں سالانہ تقسیم اعزازات کی تقریب

اوسلو( ناصراکبر)پاکستان نژاد نارویجن تنظیم’’ 14 اگست کمیٹی ناروے‘‘ کے زیر اہتمام اوسلو میں سالانہ تقریب تقسیم اعزازات کی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔عموماً یہ تقریب پاکستانی یوم آزادی کے روز 14 اگست کو ہی منعقد کی جاتی ہے مگر کوویڈ19 کےباعث امسال اس کا انعقاد کچھ عرصہ تاخیر سے ہوا۔ تقریب کی مہمان خصوصی وزیر اعظم ناروے ایرنا سولبرگ تھیں۔تقریب میں وزیر اعظم کے علاوہ وزیر صحت، اوسلو اور ویکن کی صوبائی گورنر، پاکستان ایمبیسی کے ویلفیئر کمیونٹی کونسلر خالدمحمود، ممتازپارلیمنٹیرینز ، پاکستان، سعودی عرب، ترکی، مصر، بوسنیا، انڈونیشیا، مراکش اور متعدد دیگر ممالک کے سفارت کاروں ، نارویجن اعلیٰ حکام، کاروباری طبقہ کی معتبر شخصیات، سماجی تنظیموں کے نمائند گان، پاکستانی نارویجن کمیونٹی کے معززین اور ناروے کےتمام شعبہ ہائے زندگی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز ناروے اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔ 14 اگست کمیٹی ناروے کے صدر عامر جاوید شیخ نے سپاس نامہ پیش کیا جب کہ تقریب کی نظامت نارویجن ریڈ کراس کے سابق صدر سوینمولکلایو نے کی۔ تقریب سے نارویجن وزیراعظم، وزیر صحت ، 14 اگست کمیٹی ناروے کے صدر عامر جاوید شیخ، طلعت محمود بٹ، ڈپٹی ممبر اوسلو سٹی کونسل کے علاوہ اعزازات وصول کنندگان نے بھی خطاب کیا۔ یورو وژن کا مقابلہ جیتے والی خواتین اور ناروے کی مشہور و معروف سنگرز، ہانے کروگ اور الیزبتھ اندریاسن نے اپنے فن سےحاضرین محفل کو محظوظ کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم، گھیبریوسس اور نائجرین نژاد نارویجن خاتون ایزن اوکپاریبو ( جنہیں ناروے کی اب تک کی تیز ترین ریکارڈ ہولڈر خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے) کو برج میکر اعزازات 2020 سے نوازا گیا۔ اوسلو کے قلب میں واقع مشہور و معروف روایتی گرینڈ ہوٹل کے شیش ہال (جہاں ہر سال امن کا عالمی نوبل انعام جیتنے والی شخصیت کے اعزاز میں عشائیہ منعقد کیا جاتا ہے) میں منعقدہ اس تقریب میں ناروے کی وزیر اعظم ایرنا سولبرگ نےاعزازات پیش کیے۔ محمد رفیق اور محمد اقبال کو گذشتہ سال ناروے کے النور اسلامک سنٹر پر حملے کو ناکام بنانے اور اسلحہ بردار حملہ آور کو قابو کرنے پران کی بہادری کے اعتراف میں اعزازی تمغوں سے نوازا گیا تھا۔ اوسلو اور ویکن کی صوبائی گورنر والجرڈ سوورسٹاڈ ہاگلینڈ نےاعزازی تمغے پیش کیے۔ پاکستانی نژاد نارویجن ڈاکٹر ظل ہما لطیف اور ڈاکٹر عثمان اے مشتاق کو پرائیڈ آف پرفارمنس اعزازات سے نوازا گیا، یہ اعزازات ناروے کے وزیر صحت بینٹ ہوئیے نے پیش کیے۔

تازہ ترین