• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ،لاپتا شہریوں کو بازیاب کراکر ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنیکا حکم

کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر شہزاد سمیت دیگر لاپتا شہریوں کو بازیاب کراکر ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس مبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے پولیس کے لاپتا افراد کی بازیابی کے کیسز میں تفتیش کے طریقہ کار پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ پولیس ہر کیس کو نارمل لیتی ہے، پولیس وہ درد محسوس کرے جس سے لاپتا افراد کے اہلخانہ دو چار ہیں، پولیس کے تفتیشی افسر کو لاپتا افرادکی بازیابی سے زیادہ جستجو کرنی چاہیے، پولیس کی تفتیش سے لاپتا افراد کے اہلخانہ بھی مطمئن نہیں ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے پیش کی گئی تحریری جواب کی کاپی واپس کردی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہم ان کاغذات کا کیا کرینگے، لاپتا بندہ واپس لائو۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ لاپتا شخص کو لے جانے والی رینجرز کی جس گاڑی کا نمبر دیا وہ بس ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ چیزیں تو عام ہیں، جب ہر چیز میں فلیئر ہوگا تو جعلی سازی بھی نظر آئیگی۔
تازہ ترین