• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے سیاست میں عدم مداخلت کا اصولی فیصلہ کرچکے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ادارے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کرچکے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہے، میں غیر مصدقہ اطلاعات پر بیان بازی کا عادی نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی سے اداروں نے بھی سیکھا ہے، انہوں نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتدار کی سول حکومت سے سول حکومت کو منتقلی بہتری کی طرف قدم ہے، جتنے بھی کیسوں میں پیشیاں ہورہی ہیں، ان میں کوئی ایسا کیس نہیں جو پی ٹی آئی حکومت نے بنایا ہو۔


ان کا کہنا تھا کہ مقدمات نیب دیکھ رہی ہے جو ایک آزاد ادارہ ہے، دیگر لوگوں پر بھی انکوائریاں چل رہی ہیں، وہ جاتے ہیں اور اپنی صفائی پیش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو نواز شریف کی جو صورتحال بتائی گئی تھی، اسی کی بنیاد پر انہوں نے فیصلہ کیا، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ سابق وزیراعظم کی طبیعت خراب نہیں تھی یقیناً ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں تو کہہ رہا ہوں کہ حکومت کے سامنے جو چیزیں رکھی گئیں، اس کی بنیاد پر انہیں جانے دینے کا فیصلہ ہوا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نواز شریف کا اخلاقی فرض  ہے کہ وہ اپنے علاج کی صورتحال سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے اپنے وکلاء کے ذریعے پوری کوشش کی ہے کہ معاملات کو طول دیا جائے، کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے انہیں تعاون کرنا چاہیے۔

تازہ ترین