مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں کہ شیخ رشید کی مریم نوازکو مخاطب کرنے کی اوقات نہیں، شیخ رشید اپنی اوقات میں رہیں۔
لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اپنی حد پار نہ کریں ورنہ انہیں یہ معاملہ مہنگا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید پرویز مشرف کے دور میں بھی کہتے تھے کہ نواز شریف واپس نہیں آئیں گے، مگر جب نواز شریف واپس آئے تو شیخ رشید نواز شریف کے پیچھے پھرتے رہے کہ پارٹی میں واپس لے لو۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت مسئلہ کشمیر پر کچھ نہیں کر سکی، مریم نواز کے گوجرانوالہ میں جلسے کے اعلان سے حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں۔
صدر مسلم لیگ نون پنجاب نے مزید کہا کہ بھارتی اگر یہاں سرگرمیاں کر رہے ہیں تو حکومت نے ان کے خلاف کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا؟
رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کا جھوٹ اب نہیں چلے گا، گوجرانوالہ جلسے سے پی ڈی ایم کی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔