لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے کے الزام میں میرپور آزاد کشمیر کے تھانے میں گرفتار نوجوان کا کہنا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے بلیک میلنگ کے الزامات بےبنیاد ہیں، ثبوت عدالت میں پیش کروں گا، فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی۔
میرپور آزاد کشمیر کے سٹی تھانے میں گرفتار نوجوان ارسلان نے جیونیوز سے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ لیڈی ڈاکٹر سے ملنے میرپور آیا تھا، بلیک میلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم نے کہا کہ شادی کے لیے رشتہ بھی بھجوایا لیکن گھر والوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ لڑکی راضی نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کے والد کی مدعیت میں 6 اکتوبر کو مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔
والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم بیٹی کو زبردستی شادی پر مجبور کرتا ہے اور ملزم نے بیٹی کو اغواء کی کوشش بھی کی، جبکہ وہ بیٹی کو ہراساں کرتا اور پیچھا بھی کرتا رہا ہے۔