• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم عوام کی ترجمان، حکومت میں مافیابیٹھے ہیں، آفتاب شیرپاؤ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد شیر پائو نےہفتہ کو قومی وطن پارٹی کے آٹھویں یوم تاسیس کے موقع پر نیشنل پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی ، مزدوروں ، کسانوں اور پسے ہوئے طبقے کی نمائندگی قومی وطن پارٹی کی اولین ترجیح ہے ، کارکنان کوسلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور امید کرتا ہوں کہ کارکنان آئندہ بھی حیات خان کا مشن آگے بڑھانے میں کردار ادا کرینگے ، پی ڈی ایم کے جلسوں کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے قومی وطن پارٹی اسکی بھر پور حمایت کرتی ہے ، نا اہل حکومت کی وجہ سے مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، حکومت ختم کر کے دم لیں گے، 2018 کے انتخابات میں تاریخ کی بد ترین دھاندلی ہوئی ، سلیکٹڈ حکومت نے عوام کا براحال کر دیا ہے ،دو وقت کی روٹی کھانا محال ہو چکاہے، ملک کی حالت قابل برداشت نہیں ، مہنگائی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ کمیونٹی کیساتھ ہونیوالی زیادتیاں بند کی جائیں،میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، قومی وطن پارٹی نے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے قرار داد بھی منظور کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کیساتھ نہ نکلیں تو لوگ سیاسی جماعتوں سے آگے نکل کر سڑکوں پر آجائینگے، انکاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم عوام کی صحیح ترجمانی کر رہی ہے ،ملک بھر میں جلسوں کا آغاز ہو چکا ہے، پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ کا جلسہ تاریخی تھا ، حکمران کہتے ہیں کہ مہنگائی سابق حکومتوں کی وجہ سے ہوئی جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ، اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا بہت ضروری ہو گیا ہے، حکومت میں مافیا بیٹھے ہیں، آٹا ، چینی اور اشیائے خوردونوش عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں، عمران خان کو نواز شریف اور اپوزیشن کا فوبیا ہو گیا ہے ، حکومت ملک میں بلدیاتی انتخاب کا فوری انعقاد کرائے ، اقلیتوں کو ملک میں نظر انداز نہ کیا جائے ریاست عوامی نمائندوں کو اہمیت دے ، انتخابات میں عوام کی مرضی ہو اور ملک میں منصفانہ انتخاب ہوں ، فاٹا کے عوام کیساتھ کئے گے وعدے پورے کیے جائیں۔

تازہ ترین