• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیری اور میگھن جنوری میں برطانیہ لوٹیں گے، ملکہ سے ملاقات شیڈول نہیں

برطانوی شاہی خاندان سے الگ ہوکر امریکا میں رہائش پذیر پرنس ہیری اور انکی اہلیہ میگھن مارکل بالآخر برطانیہ واپس آرہے ہیں، لیکن ان کے شیڈول میں ملکہ الزبتھ ثانی سے ملاقات شامل نہیں ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق شاہی جوڑا ملکہ برطانیہ کے ساتھ کرسمس گزارنے کے بجائے آئندہ سال جنوری میں میگھن کی عدالت میں پیشی سے قبل برطانیہ واپس آئے گا۔

 رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ میگھن اور پرنس ہیری کرسمس اور نیو ایئر کے عرصے کے دوران برطانیہ روانہ ہوں گے۔ حالانکہ شاہی پرستاروں میں یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ پرنس ہیری اور میگھن کی ملکہ برطانیہ سے ملاقات ہوگی۔


تاہم ان اطلاعات کے برخلاف اس دورے کی تفصیلات وہ نہیں ہیں جسکی کہ شاہی پرستاروں کو امید تھی۔

ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق فروگمور کاٹیج اسٹاف، پرنس ہیری اور میگھن کے دورے یا پھر ان کی ملکہ الزبتھ سے ملاقات کے حوالے سے کوئی تیاریاں نہیں کررہا ہے اور شاہی جوڑے کا دورہ اسٹاف کے شیڈول میں شامل نہیں ہے۔

شاہی جوڑا کرسمس کا تہوار اپنے نئے 14 ملین ڈالر کے سانتا باربرا کے مینشن میں منائے گا، اور یہ سینڈرنگہام (برطانیہ) میں مسلسل دوسرا کرسمس ایونٹ ہوگا جب یہ دونوں یہاں موجود نہیں ہوں گے۔

 یاد رہے کہ میگھن اور پرنس ہیری اس برس کے اوائل میں شاہی خاندان اور اپنی شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوکر پہلے کینیڈا اور اب امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سانتا باربرا کاؤنٹی میں رہائش پذیر ہیں۔جہاں انھوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی شروع کی ہے اور اسٹریمنگ کے حوالے سے دنیا کے بڑے ادارے نیٹ فلیکس کے ساتھ کروڑوں ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔

تازہ ترین