• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرادعلی شاہ ڈمی وزیراعلیٰ ہیں تو استعفیٰ دیکر گھر چلے جائیں، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ ڈمی وزیراعلیٰ ہیں تو استعفٰی دے کر گھر چلے جائیں،ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے سکون قبر میں ہے،انہیں ساری قوم کو قبر میں پہنچا کر سکون آئے گا،پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہاکہ عوام کی عدالت نے پی ڈی ایم کے جلسے میں اپنا فیصلہ سنادیا۔

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ مراد علی شاہ ڈمی وزیراعلیٰ ہیں تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں، کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی مرضی سے نہیں ہوئی تو بلاول کو بھی فضل الرحمٰن اور مریم کے ساتھ پریس کانفرنس میں ہونا چاہئے تھا، سندھ حکومت اپنی مرضی کا آئی جی مشتاق مہر لگواچکی ہے کہتے ہیں ہمیں ایس ایچ او لگانے کا اختیار نہیں ہے، آئی جی سندھ مراد علی شاہ کے کنٹرول میں نہیں ہیں تو انہیں آج یاد آیا،آئی جی پولیس فورس کا سربراہ ہے وہ اغوا کیسے ہوگیا، بات سچ ہے تو آئی جی سامنے آکر کہہ دیں کہ میں اغوا ہوا تھا۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کٹوانے والا شخص اشتہاری تھا تو اسے گرفتار نہ کرنا سندھ حکومت کی نااہلی ہے، اومنی گروپ اور زرداری صاحب چینی چور ہیں، سندھ حکومت نے 14ارب روپے کی گندم چوری کرلی، کراچی کا پیسہ لوٹ کر کھاجاتے ہیں شہر پر نہیں لگاتے، کل لوگ پی ڈی ایم جلسے میں مراد علی شاہ سے استعفیٰ مانگ رہے تھے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ یہ بات اتنی سادہ نہیں ہے معاملہ یہ ہے کہ بانی پاکستان کا وہاں پر مزار ہے وہاں پر جاتے ہیں حاضری دیتے ہیں حاضری پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔

آپ فاتحہ خوانی کریں ٹھیک ہے مگر وہاں پر آپ گرل کے اندر داخل ہوکرصرف مادر ملت زندہ باد نہیں اس کے علاوہ بھی نعرے لگے ہیں وہ بھی آپ سنا دیں ۔ مزار کی حدود کے تقدس کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا اس کے اوپر صرف ہماری جانب سے نہیں تمام لوگوں کی مذمت آئی ہے پیپلز پارٹی نے بھی اس کی مذمت کی ہے۔ہم نے مانا کہ آپ کو عادت ہے اداروں پر حملے کرنے کی اداروں کے تقدس پامال کرنے کی خدا کا واسطہ ہے مزار قائد کو تو چھوڑ دیں۔میں اس پر سیاست سے بالاتر ہوکر بات کررہا ہوں تمام لوگوں نے اس عمل کی مذمت کی ہے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

اس پر معذرت کرلیتے کہ جذبات میں آکر غلطی ہوگئی مگر اس کا دفاع کررہے ہیں۔مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ حکومت کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری پر تحقیقات کرنا چاہے تو کرلے، پاکستان میں پہلی دفعہ نہیں کہ اوپر اوپر بہت کچھ ہوجاتا ہے حکومت کو پتا بھی نہیں چلتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی پولیس نے سامنے سے فائر کیے تھے جبکہ فائر کا حکم ہی نہیں تھا،آج 235ادویات کی قیمتوں میں مزید 30فیصد اضافہ کردیا گیا، عمران خان کہتے تھے سکون قبر میں ہے لگتا ہے انہیں ساری قوم کو قبر میں پہنچا کر سکون آئے گا،عمران خان کو مودی، مہنگائی اور مافیاز کے سامنے منہ پر ہاتھ پھیرنا چاہئے تھا کہ تمہیں دیکھ لوں گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تین خودمختار اداروں نیب، عدلیہ اور اسمبلیوں کے اسپیکرز کو ڈکٹیشن دی ہے، عمران خان کے ہاتھ میں کچھ نہیں صرف باہر مولا جٹ بننے کا شوق ہے، وزیراعظم کی اہمیت اتنی ہے کہ گلگت بلتستان کی میٹنگ میں انہیں بلایا ہی نہیں گیا، پوری قوم وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ عوام کی عدالت نے پی ڈی ایم کے جلسے میں اپنا فیصلہ سنادیا ہے، وہاں چینی چور استعفیٰ دو، آٹا چور استعفیٰ دو، مافیا والے استعفیٰ دو ، مہنگائی کرنے والے استعفیٰ دو کے نعرے لگ رہے تھے، وزیراعظم کہتے تھے مجھ سے پانچ لوگ بھی استعفیٰ مانگیں گے تو استعفیٰ دیدوں گا، کل لاکھوں لوگ ان سے استعفیٰ مانگ رہے تھے، حکومت صرف یوٹرن پر یوٹرن لے رہی ہے ملک نہیں چل پارہا ہے۔

ناز بلوچ کا کہنا تھاکہ اصل جو مقصد تھا یہ سب کچھ کرنے کا اور جو رویہ اختیار کیا گیاچادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے آدھی رات کو کسی کے گھر میں داخل ہوکراس طرح دروازہ توڑ کرداخل ہونا یہ کون سا قانون اجازت دیتا ہے۔

تازہ ترین