• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کی واپسی کیلئے برطانیہ کو خط، کرپشن میں سزایافتہ مجرم پاکستان بھیجا جائے، مشیر احتساب

کراچی(جنگ نیوز)حکومت پاکستان نے برطانیہ سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کا مطالبہ کردیا‘ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے یہ رپورٹ وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر کے 5 اکتوبر کو برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل کو لکھے گئے خط کے حوالے سے دی ہے۔ 

خط میں کہاگیاہے کہ برطانو ی وزیر داخلہ کا فرض ہے کہ وہ کرپشن کیس میں سزایافتہ مجرم سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ملک بدر کریں تاکہ وہ بدعنوانی کے الزام میں اپنی قید کی سزا بھگت سکیں‘خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی ایک عدالت نے نواز شریف کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔خط میں ان سے نواز شریف کو ملک بدر کرنے کے لئے اپنے”وسیع تر اختیارات“ استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے جس میںکہا گیاکہ ایسا کر نے کی وہ پابند ہیں۔

اخبار کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے یہ مطالبہ برطانیہ کی کنزرویٹو حکومت کی پریتی پٹیل سے کیا گیا جوبارڈر کنٹرول سے متعلق سخت موقف کے حوالے سے پہچان رکھتی ہیں‘ انہوںنےبریگزٹ کے بعد امیگریشن کے نئے قوانین کے تحت غیر ملکی مجرموں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا عزم کررکھا ہے ۔

خط میں پریتی پیٹل سے کہا گیا کہ نوازشریف ریاست کو لوٹنے کے ذمہ دار ہیں ‘امید ہےکہ پریٹی پٹیل کرپشن کے الزام میں ملوث افراد کو احتساب کے کٹہرے تک لانے کیلئے ہماری کوششوں میں مددگار ثابت ہوں گی۔ 

اخبار کے مطابق نواز شریف نے اس پرتبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا ۔خط میں چار سال یا اس سے زائد مدت کے سزا یافتہ مجرمان کا برطانیہ میں قیام کاامیگریشن قواعد کا حوالہ بھی دیا گیا ہے ۔ 

پاکستانی عہدیدار نے بتایا کہ برطانیہ نے ابھی تک حکومت پاکستان کی درخواست کاباضابطہ طور پر کوئی جواب نہیں دیا‘ برطانوی وزارت داخلہ نے بھی اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

اخبار کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل یوکے کے سربراہ ڈینیئل بروس کا کہنا ہے کہ کرپشن میں سزا یافتہ غیر ملکی سیاستدانوں کو برطانیہ میں استثنا نہیں ملنا چاہئے اور نہ ہی ان کی نامعلوم دولت ، جو لندن کی جائیدادوں میں رکھی گئی ہیں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دسترس سے باہر ہو۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو قانون کی بالادستی کے لئے پاکستان جیسے جمہوری ممالک کے ساتھ تعمیری کام کرنا چاہئے۔

تازہ ترین