خوشحال بلوچستان، خوشحال پاکستان کے حوالے سے تربت یونیورسٹی میں کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں دخترانِ پاکستان اور پیغامِ پاکستان پر بھی سیشن ہوا۔
بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے تحت تربت یونیورسٹی میں ہونے والی کانفرنس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام، سول سوسائٹی، مذہبی و سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے اپنی تقاریر میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پیغام پاکستان ہمیں ملک سے محبت، اخوت، خوشحالی اور دہشتگردی سے پاک معاشرے کے قیام کا درس دیتا ہے۔
کانفرنس سے کمشنر مکران ڈویژن طارق قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات سے بلوچستان کے لوگوں کو ایک اچھا موقع ملتا ہے کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے اپنے خطاب میں قیام امن کے لیے خواتین کے کردار کو اُجاگر کیا۔
تربت یونیورسٹی میں آرٹیژن فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں طلبا و طالبات نے مختلف اسٹالز لگائے اور بلوچی ثقافت کو اُجاگر کیا۔