پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر ادارے کو اپنی ٹائیگر فورس میں تبدیل کرنا چاہتےہیں، اداروں کو ٹائیگر فورس نہیں بنانے دیں گے۔
اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ سارے ادارے ہر پاکستانی کے ادارے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کو حقِ حاکمیت اور ملکیت دلوانا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کی آواز اسلام آباد تک پہنچانا ہے، وزیرِ اعظم کون بنے گا یہ گلگت بلتستان کے عوام فیصلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین، طلباء، لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کے ساتھ کیا کیا وعدہ نہیں کیا، آج نوجوان رو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان کے عوام کو تباہی سے بچانا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ اور قومی اسمبلی میں رکنیت چاہیے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی زمین کا مالک بنا کر رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آمریت کے خلاف تحریکوں میں گلگت بلتستان کے عوام شانہ بشانہ رہے ہیں، آپ نے کسی لوٹے یا آزاد کا ساتھ نہیں دینا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے 2 سال میں پیارے پاکستان کا جو حال کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔