• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدار کا انڈر پاس منصوبے کا دورہ، تکمیل میں تاخیر پر برہم


وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور میں فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کے رات گئے بغیر پروٹوکول دورے کے موقع پر منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہم ہو گئے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر چیف انجینئر کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے اور ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔

دورے کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے فردوس مارکیٹ کے تاجروں اور دکانداروں نے ایل ڈی اے اور واسا کے خلاف شکایات کیں۔

ایک تاجر نے شکایت کی کہ دکانوں کے سامنے گندگی ہے اور پانی جمع ہے، کاروبار کیسے کریں؟

زیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے ایل ڈی اے اور واسا حکام کے رویّے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے اور واسا حکام کو اپنی ذمے داریوں کا احساس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا ہر کام وزیرِ اعلیٰ خود آ کر دیکھے گا؟ شہریوں کے ساتھ سرکاری افسروں کی بے اعتنائی کاروّیہ اختیار کرنے پر بے حد دکھ ہوا۔


عثمان بزدار نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کے تاجر بے فکر رہیں، میں آپ کے ساتھ ہوں۔

وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تکمیل کے لیے حتمی ڈیڈ لائن بھی مانگ لی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کوئی لمحہ ضائع کیئے بغیر انڈر پاس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

تازہ ترین