وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مرحوم کسان اشفاق لنگڑیال کی وفات کی پولیس رپورٹ مل گئی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق اشفاق لنگڑیال کو 5 نومبر کی دوپہر سوا 12 بجے جناح اسپتال لایا گیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسپتال میں اشفاق لنگڑیال کو طبی امداد دی گئی۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اشفاق لنگڑیال دل کا دورہ پڑنے سے دوپہر 2 بجکر 50 منٹ پر انتقال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کسان اشفاق کو 3 نومبر کے احتجاج پر اسپتال نہیں لایا گیا اور نہ ہی ریسکیو کو کوئی کال موصول ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے کسانوں کے دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی جس میں متعدد کسان زخمی ہوگئے تھے ، جبکہ مبینہ طور پر دھرنے کا ایک کسان کل اسپتال میں دم توڑ گیا۔