• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکشے کمار کا بھارتی یوٹیوبر کو 500 کروڑ کے ہرجانے کا نوٹس

بھارتی فلم اسٹار اکشے کمار نے سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں اداکار کے خلاف جھوٹی ویڈیوز اپ لوڈ کرکے اُن پر بے بنیاد الزامات لگانے پر بھارتی یوٹیوبر کو 500 کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار اکشے کمار نے بہار سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر کو ہتک عزت کا نوٹس دیا ہے، انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں اکشے کمار پر جھوٹے اور بے بنیاد الزام لگائے تھے۔

اکشے کمار نے 17 نومبر کو آئی سی لیگل فرم قانونی کارروائی کے تحت یوٹیوبر کو معافی مانگنے اور پانچ سو کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کرنے کا نوٹس بھجوایا اور اس کے ساتھ ہی پولیس نے یوٹیوبر کو اپنے چینلز سے وہ تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کا حکم بھی دیا جو اکشے کمار کے خلاف ہیں۔

بالی ووڈ اداکار کے وکیل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’بدنامی اور توہین آمیز ویڈیوز کی وجہ سے اکشے کمار کو ذہنی صدمے اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں شہرت اور خیر سگالی کا نقصان بھی شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ اداکار نے پانچ سو کروڑ روپے کا نوٹس بھیجا ہے۔‘

وکیل نے کہا کہ ’مذکورہ ویڈیوز اکشے کمار کے خلاف متعدد جھوٹے اور بےبنیاد الزامات عائد کرتی ہیں کہ اداکار نے ریا چکرورتی کے کینیڈا فرار ہونے میں مدد کی۔‘

دوسری جانب قانون فرم نے نوٹس میں کہا کہ ’یہ ویڈیوز جھوٹی، بے بنیاد اور بدنامی آمیز ہیں اور جان بوجھ کر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے شائع کی گئیں ہیں۔‘

اداکار نے نوٹس میں یوٹیوبر سے غیر مشروط معافی نامہ شائع کرنے اور ان تمام ویڈیوز کو ہٹانے کا حکم دیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے ویڈیوز اپ لوڈ کرنے سے باز آجائیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر یوٹیوبر تین دن کی مدت کے اندر نوٹس کا جواب  دینے میں ناکام رہے تو اداکار ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت کو اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔ 

اداکار کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو این سی بی نے اُن کی موت سے متعلق منشیات کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا لیکن وہ اب ضمانت پر رہا ہوگئی ہیں۔

اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جن بالی وڈ اداکاروں کے خلاف تحقیقات کی تھی اُن میں صف اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اُن کی مینیجر کریشمہ پرکاش، کرن جوہر، ریا چکرورتی، سارہ علی خان اور شردھا کپور سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

تازہ ترین