1926میں کراچی میں پہلی غیر ملکی کرکٹ ٹیم دورے پر آئی۔ یہ کسی بھی بین الاقوامی ٹیم کی طرف سے کراچی کا پہلا دورہ اور بین الاقوامی کرکٹ میچ تھا۔ بلدیہ کراچی نے اس ایونٹ کو یاد گار بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کے اعزاز میں شہری استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
جمشید نسروانجی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ، کراچی میں بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کی جائے گی اور اس مقصد کے تحت بلدیہ کرا چی شہر میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ گراؤنڈ تعمیر کرے گی۔ بلدیہ کے سربراہ کے اعلان کے مطابق اس وقت ماسٹر پلان میں بڑے بڑے قطعات ِ اراضی کو کھیل کے میدانوں کے لیے مختص کیا گیا جو آج بھی پرانے شہر اور1947سے قبل آباد ہونے والی رہائشی اسکیموں میں موجود ہیں۔
1926میں بین الاقوامی ٹیم نے کراچی کا پہلا دورہ کیا
یہ بلدیہ کراچی اور بلدیہ کے سربراہ جمشید نسروانجی کا وژن تھا کہ کراچی کو بین الاقوامی شہر بنانے کے لیے یہاں تمام سہولتیں میسر ہوں، لہذا بلدیہ کراچی نے اس شعبے میں بھی بہت کام کیا خصوصاََ بلدیہ کراچی کی فٹ بال ٹیم کو ماضی میں متعدد بین الاقوامی میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ بلدیہ کے ایک ملازم احمد خان کو فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم ’’فیفا‘‘ کا ریفری ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ( بشیر سدوزئی کی کتاب’’ بلدیہ کراچی ، سال بہ سال‘‘ سے انتخاب)