پاکستانی اداکار عثمان مختار عالمی وبا کورونا وائرس کے دور میں بغیر کوئی احتیاطی تدابیر اپنائے شادی سیزن منانے والوں پر برہم دکھائی دے رہے ہیں۔
انسٹاگرام پر عثمان مختار نے شادی کی رنگارنگ تقریب میں ہی لی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی اور لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کی غرض سے بات کا آغاز شادی، ڈانس اور مزیدار کھانے سے کیا۔
انہوں نے لکھا کہ چلیں ایسی ہی باتوں سے تو آپ میری طرف متوجہ ہوئے۔
انہوں نے لکھا کہ میں آج کل دیکھ رہا ہوں کہ سب شادی کی تقریبات میں چپک چپک کے ڈانس کررہے ہیں ، براہِ مہربانی ایسا نہ کریں اور کورونا سے بچاؤ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔
عثمان مختار نے کہا کہ اپنا نہیں تو اپنے اردگرد کے لوگوں کا خیال کریں جنہیں آپ کورونا وائرس دینے جارہے ہیں۔
عثمان مختار نے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یہ زندگی اور موت کا سوال ہے براہِ کرم محتاط رہیں اور دوسروں کو بھی رکھیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 84 افراد انتقال کرگئے، وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد9 ہزار 164ہوگئی ہے۔