• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹس ایپ متبادل میں سے کون سی ایپ زیادہ بہتر اور محفوظ ہے؟

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک ایسے موقع پر واٹس ایپ کی جانب سے پرائیوسی پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے دنیا بھر میں صارفین کی جانب سے غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے تو ساتھ ہی واٹس ایپ کا متبادل سمجھی جانے والی ایپس کی طرف بھی دیکھا جارہا ہے۔ متبادل کے طور پر ٹیلی گرام اور سگنل ایپ کا نام لیا جا رہا ہے تاہم بہت ہی کم صارفین کو علم ہوگا کہ ان دو میں سے کون سی ایپ زیادہ بہتر، موثر اور محفوظ ہے۔ فوربز میگزین کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں تینوں ایپس کا موازنہ کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ مکمل طور پر اوپن سورس ایپ نہیں ہے جبکہ اس کے بیک اپ کو بھی انکرپٹڈ (محفوظ) نہیں بنایا جاتا۔ اس کے مقابلے میں ٹیلی گرام ایپ بھی اوپن سورس نہیں ہے تاہم اس کے سرور پر ڈیٹا محفوظ رہتا ہے۔ جہاں تک سگنل کی بات آتی ہے تو یہ مکمل طور پر اوپن سورس پراڈکٹ ہے جسے کوئی بھی استعمال کر سکتا ہے اور ہر طرح کی شفافیت رکھتی ہے جبکہ صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر End-to-End Encrypted یعنی محفوظ رکھا جاتا ہے۔ واٹس ایپ میں صارفین چاہیں تو کسی تیسرے فریق (تھرڈ پارٹی) کمپنی کو استعمال کرتے ہوئے اپنی چیٹس کا بیک اپ محفوظ رکھ سکتے ہیں، ٹیلی گرام میں ایپ کی طرف سے اپنا ہی فراہم کردہ کلائوڈ سسٹم ہے جو صارفین کی چیٹس کو محفوظ بناتا ہے۔ ایپ میں خفیہ چیٹس کی سہولت بھی موجود ہے تاہم اسے کلائوڈ پر محفوظ نہیں کیا جاتا اور یہ از خود ڈیلیٹ ہو جاتی ہیں۔ سگنل کی بات کریں تو اس ایپ میں چیٹس کا بیک اپ کسی بھی انٹرنیشنل سرور پر نہیں بلکہ صارف کے اپنے ہی موبائل میں محفوظ ہوتا رہتا ہے جو ابتدائی طور پر آف ہوتا ہے تاہم صارف چاہے تو اسے آن بھی کر سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ صارف کی مرضی کے بغیر اس کا ڈیٹا بیک اپ ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی اسے دیکھ سکتا ہے۔
تازہ ترین