• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبر و شکر اختیار کرنا بندہ مومن کی حقیقی پہچان ہے، مفتی عبدالمجید

بر منگھم (پ ر)مشکلات اور مصائب میں صبر و شکر کا رویہ اختیار کرنا ہی بندہ مومن کی حقیقی پہچان ہے۔جو افراد مشکل حالات میں صبر کا دامن چھوڑ دیتے ہیں ناکامی اُن کا مقدر بن جاتی ہے۔قرآن وحدیث کی تعلیمات بتاتی ہیں کہ صبر پر کاربند رہنے والوں کو بغیر حساب کے اجر وثواب عطا کیا جاتا ہے اور وہ آخر کاردنیا میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہو جاتے ہیں۔اس کے برعکس بے صبرے افراد دنیا و آخرت میں محرومی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدرمفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر میں ہفتہ وار پروگرام سے آن لائن خطا ب کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہا ’’ آج مسلمانوں کا معاشرہ اور اس کے افراد مشکلات پر صبر کرنے کے بجائے شکوہ و شکایت کو اپنا وطیرہ بنا ئے ہوئے ہیں۔اُن کا خالقِ حقیقی پر بھروسہ کم ہوتا جا رہا ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ عوام کی ایک بڑی تعداد ذہنی دباؤ کا شکار ہوتی جارہی ہے۔لوگوں میں مایوسیاں بڑھ رہی ہیں اور وہ امید و بیم سے کوسوں دور ہوتے جارہے ہیں۔اس منفی رجحان نے بحیثیت مجموعی ان کی شخصیت کو مسخ کر دیا ہے۔ مفتی عبدا لمجید ندیم نے مزید کہا کہ ’’وقت آ گیا ہے کہ کورونا اور اس کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد کو سہارا دینے کے لیے ہم سب مل کر عملی جدوجہد کریں ۔اس کا عملی طریقہ یہ ہے کہ ہم خود بھی اسلام کی تعلیمات سے وابستہ ہوجائیں اور مشکل سے دوچار افراد کو بھی تسلی اور حوصلہ دیں کہ مشکلات کے یہ لمحات بھی گذر ہی جائیں گے۔ اگر انہیں ہماری عملی مدد کی ضرورت ہو تو بحیثیت مسلمان ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی ہر طرح سے مدد کریں۔
تازہ ترین