• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینیئل پرل قتل، ملزمان کی رہائی کیخلاف درخواست، سیکریٹری داخلہ طلب

سندھ ہائی کورٹ نے ڈینیئل پرل قتل کیس میں بری ملزمان کو رہا نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور دیگر حکام کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالتِ عالیہ نے سیکریٹری داخلہ اور جیل حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی ضمنی درخواست کی سماعت کی جس کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ستمبر میں حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک ملزمان کو رہا نہ کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپھوٹو نے کہا کہ اگر معاملہ سپریم کورٹ میں ہے تو سپریم کورٹ کا حکم ہی نافذ ہو گا۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ ملزمان سپریم کورٹ میں وضاحت کیلئے درخواست دائر کر چکے ہیں، ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ میں بھی توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔

معاون وکیل نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی کہ احمد عمر شیخ کے وکیل مصروف ہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔

جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپھوٹو نے سوال کیا کہ چیف سیکریٹری سندھ کہاں ہیں؟


ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے جواب دیا کہ سیکریٹری داخلہ آئے ہیں، چیف سیکریٹری ذاتی وجوہات کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔

سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکریٹری سندھ کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

سندھ ہائی کورٹ نے 3 فروری کی آئندہ سماعت پر سیکریٹری داخلہ، جیل اور پولیس حکام کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین