• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن ایک بے بس الیکشن کمیشن پر آئندہ اعتبار نہیں کرسکتی، فضل الرحمٰن


اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو آج ہم نے لانگ مارچ کا ایک نمونہ دکھادیا ہے، یہ حکومت نہ منتخب ہے اور نہ ہی اہل ہے۔ اپوزیشن ایک بے بس الیکشن کمیشن پر آئندہ اعتبار نہیں کرسکتی۔

الیکشن کمیشن اسلام آباد کے سامنے اپوزیشن احتجاج سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہاکہ تم سے حکومت نہیں چلتی تو کس نے کہا تھا کہ حکومت سنبھالو ، پہلے حکومت نااہل تھی، اب ساری پارٹی چوروں کا ٹبر ثابت ہو رہی ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ لانگ مارچ اگر شاہراہ دستور پر آگیا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ پی ڈی ایم کے قائدین 5 فروری کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کراسکی، خفیہ اکاؤنٹس آج بھی خفیہ رکھے جارہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہاکہ پیسے چھپائے گئے اور باہر کی آمدنی بھی چھپائی گئی، قوم نے جان لیا کہ پی ٹی آئی نے بھارت اور اسرائیل کے فنڈ سے الیکشن لڑا، یہودیوں اور بھارتیوں کا پیسہ ہم حکمرانوں کے منہ پر مارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ سے ہنڈی کے ذریعے پیسا لیا گیا، نہ یہ حکومت منتخب ہے نہ حکومت کرنے کی اہل۔

پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے دشمن ملکوں سے آئے پیسوں پر چلنے والے کو حکومت میں بٹھایا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ اس صورتحال میں ہم پاکستان کو کیسے جوڑ کر رکھ سکیں گے؟، یہود و ہنود پی ٹی آئی کو سہارا دے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے خطاب کے دوران کہا کہ مدارس کے طلباء بالغ ہوتے ہیں، ایک طرف انہیں قومی دھارے میں لانے کی بات کی جاتی ہے، دوسری طرف جلوس میں شر کت پر بات کی جاتی ہے، ہم بھوکا رہنے کو تیار ہیں، حکومت کے اعزازیے پر لعنت بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پانچ فروری کو ہم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی پر ہر ضلعی ہیڈکوارٹرز پر مظاہرہ کریں گے، پی ڈی ایم کے قائدین 5 فروری کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے، پاکستان کی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

تازہ ترین