• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ،فیز ون کیلئے لینڈ ایکوزیشن ایوارڈ کا اعلان

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) 1997سے بننے والی رنگ روڈ کے2021میں سنگ بنیاد کیلئے بالآخر تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔فیز ون رنگ روڈ کیلئے لینڈ ایکوزیشن ایوارڈ کا اعلان ہوگیا ہے، معاوضوں کی ادائیگی جلد شروع کردی جائیگی۔لاہور رنگ روڈ اتھارٹی،پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ بورڈ اور نیسپاک پر مشتمل ٹیم نے جمعرات کو آٹھ گھنٹے رنگ روڈ منصوبہ پر گزارے ۔ٹیم نے65اعشاریہ3کلومیٹر لمبی رنگ سے منسلکہ دیگر روڈز اور مستقبل کی معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے جائزہ لیا ۔ذرائع کا دعوی ہے کہ مئی میں رنگ روڈ منصوبہ کے سنگ بنیاد کی کوششیں کی جار ہی ہیں تاہم وزیر ہوابازی غلام سروس خان نے 30جون کا اعلان کیا ہوا ہے۔رنگ روڈ منصوبہ کے حوالے سے پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ کے ٹریک کا زیادہ تر حصہ خشک و بنجر زمین سے گزرتا ہے لہذا زمین کے حصول میں رکاوٹ نہیں اور صوبائی و وفاقی حکومتیں منصوبہ پر جلد کام کے آغاز اور تکمیل کی خواہشمند ہیں۔ رنگ روڈ منصوبہ سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا جس کی وجہ سے یہ منصوبہ راولپنڈی شہر کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ تین شہروں راولپنڈی، اسلام آباد اور اٹک کو براہ راست منسلک کرے گی۔محکمہ ماحولیات سمیت دیگر زیادہ اداروں سے این او سی حاصل کئے جا چکے ہیں، زمین کی حد بندی ہو چکی ہے، زمین کے حصول کے لئے 6اعشاریہ2ارب روپے حکومت سے وصول ہو چکے اور معاوضہ کی ادائیگی جلد شروع ہو جائیگی۔
تازہ ترین