• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم DDLJ میں شاہ رخ خان سے قبل ٹام کروز کو کاسٹ کیا گیا تھا؟

شاہ رخ خان اور کاجول کی بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے ہدایت کار آدتیہ چوپڑا فلم میں شاہ رخ خان سے قبل ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن یش چوپڑا نے اُنہیں ایسا کرنے سے منع کردیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں شاہ رخ خان سے قبل راج ملہوترا کے کردار کے لیے ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کو کاسٹ کرنے کے بارے میں سوچا جارہا تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

جس کے بعد بالی ووڈ کے نواب اداکار سیف علی خان کو اس فلم کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے کسی دوسری فلم کی شوٹنگ میں مصروفیت کے باعث فلم کرنے سے انکار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھارت میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے ہالی ووڈ اداکار ہیں، فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے ہدایت کار آدتیہ چوپڑا کی خواہش تھی کہ اس فلم میں ٹام کروز کو کاسٹ کیا جائے۔

اُس وقت فلم کی کہانی بھی کچھ مختلف تھی جس میں ایک غیر ملکی بھارت کے صوبے پنجاب آتا ہے اور وہیں کی ایک لڑکی کے عشق میں گرفتار ہوجاتا ہے۔

تاہم لیجنڈری ہدایت کار و فلم ساز اور آدتیہ چوپڑا کے والد یش چوپڑا اس فلم میں ہالی ووڈ اداکار کو رکھنے کے حق میں نہیں تھے، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ٹام کروز نے فلم کا حصہ بننے کے لیے سیکورٹی رقم طلب کی تھی جو کہ پروڈکشن ہاؤس کے لیے انہیں دینا ممکن نہیں تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیف علی خان نے جب راج ملہوترا کے کردار کے لیے منع کردیا تو اس کے بعد شاہ رخ خان کو فلم کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے بھی مصروفیت کے باعث فلم کرنے سے انکار کردیا۔

شاہ رخ خان نے تین مرتبہ فلم کرنے سے انکار کیا جس کے بعد چوتھی مرتبہ آدتیہ چوپڑا شاہ رخ خان کو کسی طرح فلم کے لیے راضی کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

فلمی شائقین کا کہنا ہے کہ آج اگر ہم دوبارہ فلم پر نظر ڈالیں تو ہم شاہ رخ خان کے علاوہ راج کے کردار کے لیے کسی دوسرے اداکار کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں امریش پوری، فریدہ جلال، ستیش شاہ، انوپم کھیر اور مندرا بیدی شامل ہیں۔

تازہ ترین