• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کی یقین دہانی کرادی،حفیظ شیخ

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے، میں اپنی قیادت اور اتحادی جماعت کا مشکور ہوں، جنہوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔

اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے ایم کیو ایم، جی ڈی اے، مسلم لیگ ق اور بی اے پی نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا، حکومتی اتحادی رہنماوں نے وفاقی وزیر حفیظ شیخ کے ساتھ پریس بریفنگ کی۔

اسلام آباد میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امین الحق، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی فہمیدہ مراز اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ تین مارچ کو اتحادیوں کے ساتھ اکثریت حاصل کریں گے۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سینیٹ انتخاب مہذب انداز میں ہو اس میں کسی قسم کی بھی خرید و فروخت نہ ہو، ہم کوشش کریں گے کہ معیشت کو دیے گئے استحکام کے فوائد عوام کو منتقل کریں۔

انہوں  نے کہا کہ کوشش کریں گے پاکستان میں عوام کی امیدیں پوری کریں۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ میرا خاندان 70 سال سے سیاست اور پبلک سروس میں ہے، میرے والد بھٹو کے دور میں سینیر وائس صدر تھے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل بہت اہم ہے، ہماری اتحادی جماعتیں اکٹھی ہیں، یہ معرکہ پاکستان کے مستقبل کیلئے ہے، ہم سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے  ہیں، بنیادی چیلنج ہےکہ عوام کیا چاہتے ہیں۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ قیادت ایماندار ہو، پاکستان کے لوگ چاہتے ہیں کہ قیادت کا محور عوام ہوں۔

تازہ ترین