پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن اسلم ابڑو کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دوں گا، پارٹی کے ساتھ ہوں لیکن ان کو ووٹ نہیں دوں گا۔
اسلم ابڑو نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ہم نے الیکشن اپنے بل بوتے پر جیتا ہے، ہم پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے، چالیس کروڑ روپے ایم این اے کو دیا ہے، اپنا ووٹ ضمیر کے مطابق دیں گے، ضمیر یہ کہتا ہے کہ ووٹ ان کو نہیں دیں گے، اظہار رائے کا سب کو حق ہے۔
پی ٹی آئی کے ناراض ایم پی اے اسلم ابڑو نے کہا ہے کہ میں ڈھائی برس گورنر کے سامنے چلّاتا رہا کہ سندھ میں ترقیاتی کام کریں، ہمارا کوئی وفاقی وزیر دیہی سندھ میں نہیں آیا، ہمارے ناموں تک کا انہیں علم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی سندھ کو انہوں نے نظر انداز کیا، سینیئر رہنماؤں کو نظر انداز کیا۔
اسلم ابڑو کا کہنا تھا کہ میں رات تک گھومتا رہا مجھ پر اغوا کا ڈرامہ رچایا گیا، یہ ڈرامہ بند کریں، یہ لوگ غیر سیاسی ہیں انہیں سیاست کا علم نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کو یہ سب دھوکے میں رکھتے ہیں، یہاں کوئی لیڈر نہیں ہے۔
اسلم ابڑو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے ہمارے اغوا کا ڈرامہ کر رہے ہیں، ہم کوئی بچے ہیں کہ ہمیں کوئی اغواء کرے گا، سینیٹ کے انتخابات میں پرانے لوگوں کو نظر انداز کیا گیا۔
اُن کا پارٹی سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینئر لوگ جب جماعت میں موجود ہیں تو فیصل واوڈا کو کیوں ٹکٹ دیا۔