• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عادی ووٹ چور ہر بار ووٹ چوری کا نیا طریقہ ڈھونڈ کر لاتا ہے: مریم نواز


مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے سینیٹ میں پولنگ بوتھ کے اندر کیمرے منظر عام پر آنے کے معاملے پر کہا ہے کہ عادی، سند یافتہ ووٹ چور ہر بار ووٹ چوری کا نیا طریقہ ڈھونڈ کر لاتا ہے مگر رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکر ہے خفیہ کیمروں کا نہیں، ووٹ چورو شرم کرو اور کرسی چھوڑو۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ  سند یافتہ ووٹ چوروں کی حالت اتنی پتلی ہو چکی ہے کہ ایجنسیوں سے فون کروا کر،گن پوائنٹ پر ووٹ لینے سے بھی بات نہیں بنی اور کیمرے لگا کر اپنے ہی ارکان کی جاسوسی کرنی پڑ گئی۔

مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں اسے تاریخی ذلت قرار دیا۔


انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ آر ٹی ایس اور ڈسکہ دھند کے بعد سینیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے آخری جنگ ہار چکے۔ سپریم کورٹ سے منہ کی کھائی، آئینی ترمیم میں ناکام رہے،صدارتی آرڈینینس ردی کا ٹکڑا بن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔

نائب صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ ’پارلیمنٹ اور اپوزیشن کے ووٹ چوروں کو این آر او دینے سے انکار کے بعد، الیکشن کمیشن پاکستان اور سپریم کورٹ کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلانے میں ناکامی کے بعد خفیہ کیمروں کے ذریعے آئین کی توہین ایک سنگین جرم ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ سیلیکٹرز بھی سوچتے ہوں گے کیا مصیبت گلے پڑ گئی! نا اُگلے بن رہی ہے نا نگلے بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے پولنگ بوتھ میں کیمرہ لگا ہونے پر شدید احتجاج کیا اور بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا جس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے پولنگ بوتھ دوبارہ بنانے کا حکم دیدیا۔

پریزائیڈنگ آفیسر مظفر شاہ نے کہاکہ پولنگ بوتھ دوبارہ بنے گا اور کوئی بھی فریق پولنگ بوتھ کو دیکھ سکے گا۔

تازہ ترین