• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا ہے: رانا ثنا اللّٰہ


مسلم لیگ نون پنجاب کےصدر رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا ہے، پی ڈی ایم دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے گی، عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے، حکومت کو چلتا کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے انسداد منشیات عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کو ہمیں جاری رکھنا چاہیے تھا، استعفوں پر اختلاف کو بیٹھ کر حل کیا جاتا ہے، پی ڈی ایم دوبارہ منظم ہوکر لانگ مارچ کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کی عید سے پہلے ان کی قربانی کریں گے، پیپلز پارٹی پہلے بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھی، خیال تھاکہ شاہد پیپلزپارٹی سندھ حکومت کی وجہ سے استعفوں سے اجتناب کررہی ہے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ 9 پارٹیوں نے تجویز دی کہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی اس ٹولے سے جان چھڑائیں گے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا ایک موقف ہے، پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں گئی ہے۔

رانا ثنا اللّٰہ اسمگلنگ کیس کی سماعت کیلئے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ رانا ثنا اللّٰہ پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخرکردی گئی ہے۔


وکیل شریک ملزم نے کہا کہ رانا ثنااللہ کےشریک ملزم کو کورونا علامت تھیں اس لیے وہ پیش نہیں ہوا، جج نے سوال کیا کہ ملزم کی رپورٹ کہاں ہے؟

وکیل نے جواب دیا کہ رپورٹ ابھی آنی ہے ملزم اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہے جس پر جج شاکر حسن نے ایک ہفتے کی تاریخ دیتے ہوئے ملزم کی کورونا رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

رانا ثناءاللہ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک ہفتہ کم ہے تاریخ تھوڑی لمبی دیں جس پر جج نے کہا کہ جب رانا ثناءاللہ پر کیمرہ جاتاہے تو وہ کہتے ہیں ڈیڑھ سال ہوگیا کیس کا کچھ نہیں بنا۔

 وکیل نے کہا کہ اب ایسا کوئی نہیں کہے گا میں آگیا ہوں جس کے بعد عدالت نے 3 اپریل تک کارروائی ملتوی کر دی۔

تازہ ترین