متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ سندھ کے لوگوں کے شناختی کارڈ سے متعلق شیخ رشید کا بیان ٹھیک نہیں تھا، ہم ان کو تنبیہ کرتے ہیں ایسی بات نہیں کریں۔
فیصل سبزواری نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے، ڈپٹی کمشنرز کو زمینوں پر قبضہ کرنے کے لیے تعینات کیا گیا۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ معاہدہ کیا جس پر حکومت عمل پیرا ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے اپنے دلائل سے قائل کیا کہ مردم شماری درست نہیں، حکومت نے ہماری تین سفارشات تسلیم کیں ایک نہیں کی۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سفارشات ماننے پر وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، ایم کیو ایم مردم شماری سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کے وعدے پر پہرہ دے گی۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ یہ تاریخ کی سب سے متنازع مردم شماری ہے۔