• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیخلاف اقدامات سخت، ڈاکٹرز، علماء بھی کردار ادا کریں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کوروناکیخلاف سخت اقدامات کررہے ہیں ، ڈاکٹرز ، علماء بھی کردار ادا کریں،کوروناوائرس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیل ملز میں آکسیجن پلانٹس کو چلانے کے لئے سندھ حکومت ایک ارب روپے خرچ کرنے کو تیار ہے، ہم ایک انتہائی سنگین صورتحال سے گزر رہے ہیں لہٰذا ہمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر نے پاکستان کے مختلف بڑے شہروں کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہمیں بھی اس کی شدت کا سامنا ہے اور صورتحال پر قابو پانے کیلئے جو بھی ممکن نظر آتا ہے اقدامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈاکٹروں سے ملاقات کا مقصد صورتحال کا جائزہ لینا اور وائرس پر قابو پانے سے متعلق سفارشات کو قائم کرنا تھا۔اس موقع پر ڈاکٹروں نے پہلی لہر سے ہی وزیر اعلیٰ سندھ کی ابتدائی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کراچی میں متعدد بیماریوں کے اسپتال کا قیام ، ہر ضلع میں وینٹی لیٹرز کی فراہمی اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرتی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے آکسیجن کی تیاری کیلئے ضروری انتظامات کرنے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا جب مریض کو بروقت آکسیجن دی جاتی ہے تو وینٹی لیٹرز پر جانےکے اس کے امکانات کم ہوجاتے ہیں، صوبائی حکومت پاکستان اسٹیل ملز کے آکسیجن پلانٹس کو چلانے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ایک ٹیم نے پاکستان اسٹیل ملز پلانٹ کا دورہ کیا تھا اور بتایا کہ اسکو دوبارہ چلایا نہیں کیا جاسکتا، ہم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر پاکستان اسٹیل ملز کے لوگوں سے ملاقات کی اور انہوں نے ہمیں بتایا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے3ماہ کے اندر اندر اس کو بحال کیا جاسکتا ہے اور کہا کہ وہ اپنی ماہر ٹیم کو پلانٹ کا دورہ کرنے بھیجیں گے اور اگر وہ بحالی کے قابل ہے تو صوبائی حکومت ایک ارب روپے خرچ کرنے کے لئے تیار ہے۔

تازہ ترین