• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نامور فنکار، کارٹونسٹ فاروق قیصر ( انکل سرگم ) انتقال کرگئے، صدر، وزیراعظم اور دیگر کا اظہارِ تعزیت

نامور فنکار، کارٹونسٹ فاروق قیصر ( انکل سرگم ) انتقال کرگئے


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ وقائع نگار‘ آئی این پی) نامور لکھاری‘ ڈرامہ نویس‘ کارٹونسٹ اور فنکار فاروق قیصر (انکل سرگم)حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ انہیں اسلام آباد کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں راولپنڈی اسلام آباد کے ادیبوں‘ صحافیوں‘ فنکاروں اور دیگر شخصیات نے کورونا ایس او پیز کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کے تحت شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف فنکار فاروق قیصر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے پاکستان میں فن کے شعبہ میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ مرحوم نے ہردلعزیز کردار انکل سرگم سے اہم سماجی مسائل کو اجاگر کیا۔ مرحوم کو تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز دینا ریاست کیلئے اعزاز کی بات تھی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ فاروق قیصر کے انتقال کی اطلاع پا کر نہایت رنجیدہ ہوں‘ وہ محض اداکار ہی نہ تھے بلکہ سماجی ناانصافیوں اور معاشرتی ایشوز کے حوالے سے بیدارءشعور کا ایک مستقل وسیلہ تھے۔ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ،وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین‘ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئرحسین بخاری‘ نے بھی فاروق قیصر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

تازہ ترین