• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سندھ نے پانی فراہمی سے متعلق ارسا کا دعویٰ غلط قرار دیدیا

حکومت سندھ نے پانی کی فراہمی سے متعلق انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے دعویٰ کو غلط قرار دے دیا ہے۔

لاڑکانہ میں صوبائی وزیر آب پاشی سہیل انور سیال نے پریس کانفرنس کی اور سندھ کو پانی کی فراہمی سے متعلق ارسا کے دعویٰ کو غلط قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ارسا حکام غلط دعوے کرکے کسی صوبے کو پانی سے محروم نہیں رکھ سکتے، سندھ کو 71 ہزار کیوسک پانی فراہم نہیں کیا گیا ہے۔


صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کو 71 ہزار کیوسک پانی فراہم کرنے کا ارسا کا دعوی ٰغلط ہے، صوبے میں تقریباً 28 فیصد پانی کی کمی ہے۔

سہیل انور سیال نے یہ بھی کہا کہ سندھ کو چشمہ بیراج سے صرف 66 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یکم اپریل سے 10 مئی کے دورانیے میں سندھ 3اعشاریہ421 ملین ایکڑ فٹ پانی ملنا تھا لیکن صوبے کو 2 اعشاریہ477 ملین ایکڑ فٹ پانی ملا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کے بیراجوں پر کل تک ریکارڈ کی گئی، پانی کی مجموعی کمی37 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا ایسا نظام بنانا ہوگا، جس میں کسی سے زیادتی نہ ہو، ارسا فریق کے طور پر سامنے آیا، یہ کسی ریگولیٹری اتھارٹی کو زیب نہیں دیتا۔

تازہ ترین