یورپی یونین نے بیلاروس کے سفیر کو طلب کرکے آئرلینڈ کے طیارے کو زبردستی اتارنے اور ایک منحرف صحافی کو گرفتار کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔
اس حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کی ہدایت پر یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے سیکٹری جنرل اسٹیفانو سانینو نے یورپین یونین کیلئے بیلاروس کے سفیر الیگزینڈر میخانو وچ کو آج وزارت خارجہ میں طلب کیا۔
ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اعلامیے کے مطابق یورپی یونین نے بیلاروس کی حکومت کی جانب سے ایک صحافی رامن پراتسا وچ اور ان کی ساتھی کی آئرش کمپنی کے جہاز کو جنگی طیاروں کے ذریعے زبردستی منسک میں اتار کر گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
علاوہ ازیں نیٹو نے بھی بیلاروس کی جانب سے جنگی جہازوں کے ذریعے ایک عام مسافر جہاز کو جبری لینڈنگ کروانے کو جہاز اور اس کے مسافروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف قرار دیا۔
یورپی یونین نے اسے اپوزیشن کو خاموش کرانے کی ایک کوشش قرار دیا۔
ایکسٹرنل ایکشن سروس نے مزید اعلان کیا ہے کہ بیلاروس کے اس اقدام کو یورپین کونسل کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔