بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کی ثقافت کے امین اور روشن مستقبل کا آئینہ دار ہیں، کشمیر اور فلسطین کے لیے اس وقت مغربی ممالک میں مقیم پاکستانی ہی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ڈیلس، ٹیکساس میں ’ادب بستی‘ اور ’پاک امریکا بزنس فورم‘ کے اشتراک سے ہونے والے پروگرام میں کیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادیب اور شاعر دنیا بھر میں اپنے وطن، ثقافت اور زبان سے محبت کا پرچار کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ’ادب بستی‘ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اب مغربی مملک میں مقیم پاکستانی ہی فلسطین کو کشمیر کے حقوق کے لیے بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں تا کہ ان مغربی ممالک کی حکومتوں کی پالیسیوں کو تبدیل کرایا جاسکے اور دونوں قومیں سکھ کا سانس لے سکیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ یہاں بسنے والے پاکستانیوں کو متحرک ہونا ہوگا۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے سنہری مواقع موجود ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت بھی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر پر بیگم سرور نے بھی خطاب کیا اور پاکستان میں متعدد فلاحی اور رفاہی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کے غریب عوام کے لیے صاف پانی، صحت اور خواتین کو ہنر سکھانے کے حوالے سے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا ۔
تقریب سے سے خطاب کرتے ہوئے پاک امریکا بزنس فورم کے چیئرمین عبدالحفیظ خان نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور پاکستانی مصنوعات کے امریکا میں فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
اس موقع پر ’ادب بستی‘ کی چیئرپرسن غزالہ حبیب کا کہنا تھا پاکستان کے ادیب اور شاعر اپنے وطن، اپنی زبان اور ثقافت سے محبت اپنے ہر ایک لفظ میں سموئے ہوئے ہیں اور کسی بھی معاشرے کے لیے اس کے اہل دانش ہی اس کا سرمایہ ہوا کرتے ہیں۔
تقریب سے پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر عابد ملک، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما محترمہ فرحانہ سواتی، گورنر پنجاب کے کوآرڈینیٹر فاروق ارشد اور خالد نذیر میں بھی خطاب کیا۔
تقریب میں خوبصورت مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں یونس اعجاز، نادر درانی خالد خواجہ، ضیاء الحسن، فرح اقبال، مبشر واڑائچ، خالد ملک، فرحان سید اور قانع ادا نے اپنے دلفریب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
تقریب میں نیلوفر عباسی، راجہ خانزادہ، اٹارنی نعیم سکھیا، سلمہ نسرین، کیپٹن ناصر، ڈاکٹر نسرین خانزادہ، عباسی ،سلمان تابانی، عابد بیگ، ہارون مغل، ندیم اختر، سلمان رزاقی، کرن حیات اور شیخ اصیل خان سمیت شہر کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔