• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارتِ آئی ٹی درست راہ پر گامزن ہے: UNDP کا اعتراف

وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے تیاری کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی نے جائزہ رپورٹ وفاقی وزیرِ آئی ٹی سید امین الحق کو پیش کر دی جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ وزارتِ آئی ٹی درست راہ پر گامزن ہے۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے اس حوالے سے کہا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں ڈیجیٹل عمل درآمد کو مزید بہتر بنائیں گے، وزارتِ آئی ٹی کو تمام قومی و بین الاقوامی اداروں کیلئے اوپن کر دیا ہے۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلامیئے کے مطابق اقوامِ متحدہ کے یو این ڈی پی پروگرام اور وزارتِ آئی ٹی میں ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی نے جائزہ رپورٹ وفاقی وزیرِ آئی ٹی سید امین الحق کو پیش کر دی۔

رپورٹ مرتب کرنے کیلئے 3 ماہ کے دوران 17 گریڈ سے زائد کے افسران کے انٹرویوز بھی کیئے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افرادی قوت کی ڈیجیٹل تیاریوں کیلئے اہلیت، محکموں میں ڈیجیٹل سسٹم اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا گیا، وزیرِ اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے وزارت ِآئی ٹی درست راہ پر گامزن ہے۔

وفاقی وزیرِ آئی ٹی سید امین الحق کا رپورٹ سے متعلق کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی کے ساتھ وزارت اور متعلقہ اداروں کے جائزے کیلئے مشترکہ پروگرام ترتیب دیا ہے، پروگرام کا مقصد اپنی خامیوں اور خوبیوں کی نشاندہی کے ساتھ بہتر سے بہتر عمل اختیار کرنا ہے، ایک غیر فعال وزارت کا انفرا اسٹرکچر جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔

وفاقی وزیرِ آئی ٹی کا کہنا ہے کہ عوام تک آئی سی ٹی سروسز کی رسائی میں عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کو بہترین ممالک کی صف میں شمار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل وسائل و سہولتوں کی فراہمی کیلئے گلوبل فری لانس انڈسٹری رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

سید امین الحق نے مزید کہا ہے کہ نیشنل انکوبیشن سینٹر پراجیکٹ کو آئی ٹی یونین نے دنیا کے 5 چیمپئن منصوبوں میں شمار کیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں موبائل رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کیلئے 30 سے زائد منصوبے زیرِ تکمیل ہیں۔

تازہ ترین