وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کا پاکستان میں ریسرچ اور لیبارٹریز سے متعلق کہنا ہے کہ ہم لیبارٹریوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
شبلی فراز نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کی لیبارٹریوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، وزارت سائنس اپنے اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسلام ایک طرز حیات ہے، یہ بتاتا ہے، کیا درست ہے، کیا غلط، کیا حلال ہے اور کیا حرام، اسلام نے کھانے کا معیار بتا دیا، کونسی خوراک صحت مند ہے کونسی نہیں، قانونی طریقے سے کمایا گیا رزق حلال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں جانوروں کو ذبح کرنے کا طریقہ بتاتا ہے، حلال اتھارٹی سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا، حلال کونسل او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسلامی ملکوں کے ساتھ مل کر اس شعبے میں ریسرچ بڑھائیں گے، برآمدات میں اضافے کے ساتھ خوراک کی کوالٹی بھی بہتر ہوگی۔
شبلی فراز نے کہا کہ ریسرچ کا فائدہ ہمارے عوام اور ملک کو ہونا چاہیے، ایسی ریسرچ کرنی چاہیے جو نتائج پیدا کرے، ریسرچ کے بارے میں مانٹرنگ کا میکنزم بنانا چاہیے، وزارت کے تمام شعبوں کی مارکیٹ اور یونیورسٹیوں سے کوآرڈینیشن ہونی چاہیے۔