• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب: رواں سال حج کے لیے تین پیکیجز کی منظوری

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے رواں سال حج کے لیے 3 حج پیکیجز کی منظوری دی گئی ہے۔

ریاض سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق  انسدادِ کورونا کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کے باعث حج پیکیج میں اضافہ ہوا ہے۔ 

ادھر سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس سال حج کے لیے 3 پیکیجز متعارف کرائے ہیں۔

پہلا پیکیج "گیسٹ اسپیشل ٹاور"، جس کی فیس 16 ہزار 560 ریال فی کس ہے۔

اس پیکیج میں عازمین کو منیٰ ٹاورز میں رہائش، خدمات، مکہ سے مشاعر مقدسہ آمدورفت شامل ہوگی۔ 

جبکہ دوسرا پیکیج "گیسٹ اسپیشل خیمہ"  ہے، جس کی فیس 14 ہزار 381 ریال فی کس مقرر ہے۔ دوسرے پیکیج میں عازمین کو جمرات کے قریب خیموں میں بسایا جائے گا۔ 

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق تیسرا حج پیکیج "گیسٹ عوامی خیمہ"  ہے، جس کی فیس 12 ہزار 113 ریال فی کس ہے۔

وزارت کے مطابق ان تمام پیکیجز کی ادائیگی کے وقت ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی رقم علیحدہ وصول کی جائے گی۔

وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر حج درخواستیں وصول ہونے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

تازہ ترین