• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے ایونٹ کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کراچی کنگز کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینے کے بعد لاہور قلندرز بھی پی ایس ایل 6 سے باہر ہوگئی ہے۔

ابوظبی میں کھیلے گئے 29 میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14رنز سے شکست دی، ٹیم کی فتح میں دانش عزیز کی برق رفتار اننگز کا ہاتھ رہا۔

کراچی کنگز کے 177رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 162 رنز ہی بناسکی۔

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد 51 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ ناقابل شکست رہے تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔

دیگر کھلاڑیوں میں جیک ویدرلڈ 25، حسن خان 24، صائم ایوب 19، عثمان خان 15، اعظم خان 15 اور عبدالناصر صفر رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کراچی کنگز کے محمد الیاس نے 3 اور ارشد اقبال نے 2 وکٹ اپنے نام کیے، میچ میں بہترین کارکردگی پر دانش عزیز مین آف دی میچ قرار پائے۔

کراچی کنگز ایونٹ میں اپنا 10واں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنے کے میدان میں اتری، کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنر بابر اعظم اور شرجیل خان نے پہلی وکٹ پر 71 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی، بابر اعظم 23 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی وکٹ عبدالناصر کے حصے میں آئی۔

بابراعظم نے میچ کے دوران پی ایس ایل میں اب تک سب سے زیادہ 2 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

کراچی کنگز کے مارٹن کپٹل 5، شرجیل خان 45، نجیب اللّٰہ زدران 12، عماد وسیم 3 رنز بناکر پویلین لوٹے تو ٹیم کا اسکور 17 اوور میں 5 وکٹ پر 121رنز تھا۔

ایسے میں دانش عزیز نے برق رفتار اننگز کھیلی اور ٹیم کو قابل دفاع ہدف تک پہنچنے میں کردار ادا کیا ، انہوں نے 13گیندوں کی اننگز کےد وران 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی اننگز کھیلی ۔

دانش عزیز کا ساتھ وکٹ کیپر بیٹسمین چڈوک والٹن نے بخوبی نبھایا جو 34 رنز بناکر نا قابل شکست رہے۔

گلیڈی ایٹرز کی طرف سے آرش علی خان کامیاب ترین بولر رہے ، جنہوں نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تازہ ترین