پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 177 رنز کا ہد ف دیا ہے۔
ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے شرجیل خان اور دانش عزیز کے 45 ، 45 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں7وکٹ پر 176 رنز بنائے۔
اوپنر شرجیل خان نے 45 رنز 34 گیندوں پر بنائے اور اس دوران 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔
دوسری طرف دانش عزیز نے برق رفتاری سے 45 رنز اسکور کیے، انہوں نے 13 گیندوں کی اننگز کے دوران 5 چھکے اور 2 چوکے مارے۔
ساتھ ہی وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 23 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آرش علی خان نے 4 ، خرم شہزاد اور عبدالناصر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز فی الحال ایونٹ میں 5 ویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے، یوں سرفراز الیون ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
آج کراچی کنگز اپنا 10واں میچ کھیل رہی ہے، کوئٹہ کے خلاف فتح کے ساتھ وہ لاہور قلندرز سے چوتھی پوزیشن چھین لے گی۔
پی ایس ایل 6 کے باقی میچز ابوظبی میں کھیلے جارہے ہیں، میچ کی ٹاس کے لیے عماد وسیم اور سرفراز احمد میدان میں اترے۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کوئٹہ کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ خوشی ہے کہ ان کی ٹیم نے ایونٹ میں صحیح موقع پر مومینٹم اپنایا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ میں ٹیم کامبی نیشن کا نہ بننا کامیابی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوا ہے۔
کراچی کنگز کی طرف سے عماد وسیم، بابراعظم، شرجیل خان، نجیب اللّٰہ زردان، نور احمد ، مارٹن گپٹل، چڈوک والٹن، ارشد اقبال، دانش عزیز، محمد عامر اور محمد الیاس میدان میں اتری۔
دوسری طرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کپتان سرفراز احمد ،حسن خان ، عبدالناصر، اعظم خان ،صائم ایوب، عثمان خان، خرم شہزاد، نسیم شاہ، حسنین، آرش علی خان پر مشتمل ہے۔