• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ 1455 ارب کی بارودی سرنگیں بچھا گئی، عمر ایوب، 20 ارب ڈالر خسارہ کیوں تھا، شوکت ترین

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیرعمر ایوب نے اپوزیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف کی حکومت کیلئے 1455 ارب کی بارودی سرنگیں چھوڑ کر گئی ہے جس کا نقشہ بھی نہیں دیا ، ہمیں خود سرنگیں ڈھونڈنی پڑیں ، نندی پور پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے پی ایس او کو قابل ادا 62 ارب روپے کسی اور مد میں لگادیئے گئے، اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا جبکہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ اگر ان کی حکومتوں میں اتنے اچھے دور تھے تو کرنٹ اکاونٹ خسارہ 20 ارب ڈالر تک کیسے پہنچا‘اپوزيشن کا 25 فیصد مہنگائی کا الزام غلط ہے، آج مہنگائی ساڑھے 11 فیصد ہے ‘ مسلم لیگ (ن)کے رہنماءجاویدلطیف کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتا ہے مجھے ٹیکہ لگنے سے حوریں نظر آئیں،عوام کو جو ٹیکے لگے انہیں دنیا میں دوزخ نظر آرہی ہے۔ پیر کو یہاں قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمرایوب کا کہناتھاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال چکی تھی، انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھائیں۔پلاننگ کمیشن کی 2018 کی رپورٹ میں بتایا گیا تھاموجودہ حکومت اور سابقہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس ملک کا بیڑا غرق کیا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا تھا کہ جھوٹ بولنے پر جھک کر معافی مانگوں گا، انہیں یہیں چٹائی بچھا کر سجدہ کرنا چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 4 ہزار میگاواٹ کی قابل تجدید توانائی کو ختم کیا کیونکہ یہ ایل این جی لانا چاہتے تھے لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے ان تمام قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو بحال کیا، شمسی توانائی کے منصوبوں کے ٹیرف انہوں نے 23 سے 24 روپے فی یونٹ طے کیے تھے اور عمران خان کی حکومت اسے 6.5 روپے فی یونٹ پر لے آئی۔

تازہ ترین