• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا کوئی مذہب نہیں: عرفان خان کے بیٹے کا انکشاف

گزشتہ سال انتقال کرجانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان نے کہا ہے کہ اُن کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہے۔

اس ضمن میں بابیل خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی اسٹوری شیئر کی جس میں اُنہوں نے ایک سوشل میڈیا صارف اور اپنی گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔

انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کیے جانے والے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک صارف بابیل خان سے سوال کرتا ہے کہ ’آپ مسلمان ہیں؟‘

صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بابیل خان کہتے ہیں کہ ’میں کسی مذہب پر یقین نہیں رکھتا، میں صرف بابیل ہوں۔‘

بابیل خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں اسکرین شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میں تمام مذاہب کی مقدس کتابیں پڑھتا ہوں جن میں قرآن پاک، بائبل، گیتا اور  گروگرانتھ صاحب شامل ہیں۔‘

عرفان خان کے بیٹے نے لکھا کہ ’میں صرف ایک نہیں بلکہ تمام مذاہب کے لیے ہوں۔‘

اُنہوں نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’ہم سب عقائد کی بنیاد پر ایک دوسرے کی کس طرح مدد کرسکتے ہیں۔‘

 خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔

تازہ ترین