• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری‘ کلیئرنس سرٹیفکیٹس طلب

راولپنڈی (وسیم اختر‘ سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے تمام پولیس سٹیشنوں میں ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنانے کے لئے کلیئرنس سرٹیفکیٹس طلب کرلئے گئے۔ آئی جی پولیس پنجاب کے حکم پر چند ماہ پہلے راولپنڈی کے تمام پولیس سٹیشنوں میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک مشینوں کا استعمال شروع کیا گیا تھا اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ لیکن اس دوران انکشاف ہواکہ بعض ملازمین اپنے ساتھیوں کی پراکسی لگارہے ہیں حاضریوں میں گڑبڑ روکنے شفافیت کو مدنظر رکھنے کے لئے بعدازاں راولپنڈی پولیس کے ملازمین کے فنگرپرنٹس کا نیا ڈیٹابیس تیار کیا گیا جس میں ہر ملازم کے دونوں ہاتھوں کے انگوٹھوں اور انگلیوں کے نشانات کو سکین کیا گیا ہے۔ اس تمام کوشش کے باوجود اب بھی شکایات سامنے آرہی ہیں کہ تھانوں میں بائیو میٹرک حاضری لگانے کے حکم پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اس حوالے سے آرپی او راولپنڈی نے جب مختلف پولیس سٹیشنوں کا سرپرائز وزٹ کیا تو انکشاف ہوا کہ بہت سے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری نہیں لگی ہوئی جس پر ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی عمران احمر نے نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام پولیس سٹیشنوں کے محرران کلئیرنس سرٹیفیکیٹ تیارکرکے آرپی او آفس بھجوائیں کہ ان کے تھانہ میں تمام ملازمین بائیومیٹرک حاضری لگارہے ہیں۔ ادھر ذرائع کا کہناہے کہ بڑھتی عمر کے باعث بعض ملازمین کے انگوٹھوں اور انگلیوں کے نشانات مٹ چکے ہیں جس سے بائیو میٹرک ڈیوائس پر انگوٹھا یا انگلی رکھنے سے ان کی تصدیق نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ایسے ملازمین کو حاضری لگانے میں دقت کا سامنا ہے جبکہ کئی ملازمین کے نشانات کا ڈیٹا ہی تاحال ہیڈآفس لاہور میں اپ ڈیٹ نہیں ہوسکا۔
تازہ ترین